برمنگھم: انگلینڈ کے معروف فٹبالر اور ریال میڈرڈ کے کھلاڑی جوڈ بیلنگھم کی پاکستانی سپن بولر عثمان طارق کی گیندوں پر بیٹنگ کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔
دونوں کھلاڑیوں کی یہ ملاقات دی ہنڈریڈ ٹورنامنٹ کے دوران ایجبسٹن گراؤنڈ میں ہوئی، جہاں برمنگھم فینکس اور ویلش فائر کے درمیان میچ کھیلا جا رہا تھا۔ عثمان طارق ٹورنامنٹ میں برمنگھم فینکس کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
ملاقات کے دوران جوڈ بیلنگھم نے کرکٹ بیٹ تھاما اور عثمان طارق کی منفرد اسپن بولنگ کو کھیلنے کی کوشش کی۔ مختصر سیشن کے بعد دونوں کھلاڑیوں نے خوشگوار انداز میں ایک دوسرے کا استقبال کیا، جبکہ اس لمحے کی ویڈیو مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گئی۔
کرکٹ اور فٹبال سے وابستہ شائقین نے اس دلچسپ تبادلے کو خوب سراہا اور دونوں عالمی کھلاڑیوں کے درمیان دوستانہ تعلق کو پسند کیا۔ اس سے قبل بھی جوڈ بیلنگھم نے عثمان طارق کی بولنگ کی ایک ویڈیو پر سوشل میڈیا پر پسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔
ایجبسٹن میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران جوڈ بیلنگھم کی پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء سے بھی ملاقات ہوئی۔ فاطمہ ثناء نے سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے برمنگھم فینکس کی سیزن کی پہلی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔