وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری کا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ناکامی کی صورت میں عالمی خطرے کی وارننگ

02:58 PM, 4 Aug, 2025

اسلام آباد :  وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ اگر پاکستان دہشت گردی کے خلاف کامیاب نہ ہوا تو اس کا اثر دنیا بھر پر پڑے گا۔

یوم شہدا پولیس کی تقریب میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنے کے لیے سیاسی ارادے بہت ضروری ہیں۔ خاص طور پر خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی زیادہ ہے، وہاں کی صوبائی حکومتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

طلال چودھری نے بتایا کہ ہر روز سیکورٹی فورسز کے 2 سے 3 اہلکار شہید ہو رہے ہیں، اور اب غیر ذمہ داری برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے پولیس کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس کی وردی نہ صرف فخر کی بات ہے بلکہ یہ فرض بھی ہے، اور بعض اوقات یہ جان کا نذرانہ بھی بن جاتی ہے۔

انہوں نے ایران کے صدر کے دورے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ دونوں ملک دہشت گردی کے خلاف مل کر کام کریں گے۔ افغانستان کے ساتھ بھی بات چیت جاری ہے، اور پاکستان نے امن کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں، اب افغانستان کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

وزیر مملکت داخلہ نے کہا کہ ایف سی، رینجرز اور پولیس کے درمیان تمام اختلافات ختم کر دیے گئے ہیں اور شہدا کے لیے یکساں سہولیات دی جا رہی ہیں۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس کو اضافی وسائل بھی فراہم کیے ہیں تاکہ انہیں مضبوط بنایا جا سکے۔

مزیدخبریں