لاہور : معروف اداکارہ درفشاں سلیم نے حالیہ انٹرویو میں اپنے اور اداکار بلال عباس کے رشتے سے متعلق گردش کرتی خبروں پر کھل کر بات کی ہے۔
انٹرویو کے دوران درفشاں نے کہا کہ جب آپ کسی رومانوی ڈرامے میں کام کر رہے ہوں تو ساتھی اداکار کے ساتھ اچھا تعلق ہونا بہت ضروری ہے۔ "بلال کے ساتھ میری کیمسٹری اس لیے زبردست رہی کیونکہ ہم دونوں اس کام میں مطمئن تھے۔ شاید اسی لیے لوگوں کو ہماری جوڑی اتنی پسند آئی،" انہوں نے وضاحت کی۔
جب میزبان نے ان سے پوچھا کہ سوشل میڈیا پر آپ دونوں کی شادی کی خبریں بھی چلتی رہیں، تو اس پر درفشاں نے مسکرا کر کہا کہ "میں نے ایسی باتوں پر کوئی ردعمل نہیں دیا کیونکہ وہ صرف افواہیں تھیں۔ شادی ایک بہت ذاتی فیصلہ ہے، اور جب ایسا کچھ ہوتا ہے تو لوگ خود ہی بتاتے ہیں۔ اسے چھپانے کی ضرورت نہیں پڑتی۔"
انہوں نے مزید کہا، "میرے والد نے ہمیشہ سکھایا ہے کہ اپنی ذاتی زندگی کو نجی رکھو، اور میں اسی اصول پر عمل کرتی ہوں۔ خفیہ رکھنا اور نجی رکھنا الگ باتیں ہیں، اور میں ان دونوں کے فرق کو سمجھتی ہوں۔"
یاد رہے کہ درفشاں اور بلال عباس کو ڈرامہ "عشق مرشد" میں ایک ساتھ بے حد پسند کیا گیا تھا، جس کے بعد ان کے نکاح کی افواہیں سامنے آئی تھیں۔ اب اداکارہ نے ان خبروں کو صرف افواہیں قرار دے کر معاملے کو واضح کر دیا ہے۔