غزہ پر بمباری میں شدت ،24 گھنٹوں کے دوران 125 فلسطینی شہید

03:11 PM, 4 Aug, 2025

غزہ : غزہ ایک بار پھر جنگ کی آگ میں جھلس رہا ہے۔ اسرائیلی فوج کے تازہ ترین حملوں میں صرف 24 گھنٹوں کے دوران 125 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں 35 وہ افراد شامل ہیں جو امدادی مراکز کے باہر خوراک کی تلاش میں کھڑے تھے۔ بدقسمتی سے، 6 مزید افراد بھوک کی شدت سے زندگی کی بازی ہار گئے۔

غزہ میں صورتحال بدترین انسانی بحران میں تبدیل ہو چکی ہے۔ مئی سے اب تک 175 افراد صرف بھوک کی وجہ سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ جنگ کے آغاز سے اب تک 60 ہزار 850 افراد شہید اور ایک لاکھ 48 ہزار 700 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

ادھر حماس نے ایک یرغمالی کی ویڈیو جاری کی ہے جو بھوک اور کمزوری سے نڈھال نظر آتا ہے۔ جواب میں اسرائیلی وزیراعظم نے عالمی ادارہ ریڈ کراس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یرغمالیوں تک خوراک پہنچائے۔

دنیا خاموش نہیں بیٹھی۔ اردن، امارات، جرمنی، فرانس اور بیلجیم جیسے ممالک نے فضائی راستے سے 61 ٹن امدادی سامان غزہ میں گرایا ہے۔ مگر زمینی حقائق یہ بتاتے ہیں کہ یہ امداد لاکھوں متاثرین کے لیے بہت کم ہے۔

غزہ کے لوگ نہ صرف گولیوں کا سامنا کر رہے ہیں بلکہ بھوک، بیماری اور بے گھری کا بھی۔ عالمی ضمیر کو اب جاگنا ہو گا، کیونکہ یہ صرف ایک جنگ نہیں، ایک مکمل انسانی سانحہ ہے۔

مزیدخبریں