قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام 5 بجےہوگا، 32نکاتی ایجنڈا جاری

11:35 AM, 4 Aug, 2025

اسلام آباد: قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام 5 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا، جہاں مختلف بلز اور توجہ دلاؤ نوٹسز پر بحث کی جائے گی۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اجلاس کا 32 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا ہے جس میں متعدد اہم امور شامل ہیں۔

ایجنڈے کے مطابق، اسلام آباد میں زیرِ زمین پانی کی کمی پر توجہ دلانے والا نوٹس پیش کیا جائے گا، جبکہ پاکستان شہریت ایکٹ 1951 میں ترمیم کا بل بھی ایوان میں پیش ہوگا۔ اس کے علاوہ، موٹر وہیکلز انڈسٹری ڈویلپمنٹ بل اور سی ڈی اے ترمیمی آرڈیننس 2025 بھی ایجنڈے کا حصہ ہوں گے۔

اس کے ساتھ ساتھ، کرمنل لاء ترمیمی بل 2024 اور آسان کاروبار بل 2025 پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹس بھی پیش کی جائیں گی۔ نیشنل سکول آف پبلک پالیسی بل اور سول سرونٹس ایکٹ میں ترمیمی بل بھی زیر بحث آئیں گے۔

دیگر اہم بلز میں سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ 1860 میں ترمیم، پاکستان پینل کوڈ اور ضابطہ فوجداری میں ترمیم شامل ہیں۔ علاوہ ازیں، وہسل بلوور پروٹیکشن کمیشن بل 2025 اور پاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی بل 2025 بھی ایوان میں پیش کیے جائیں گے۔

ساتھ ہی، سینیٹ سے منظور نہ ہونے والا پاکستان کوسٹ گارڈز ترمیمی بل مشترکہ اجلاس کے لیے بھیجا جائے گا۔ خواتین کے حقوق کمیشن اور بچوں کے حقوق سے متعلق سالانہ رپورٹس بھی پیش کی جائیں گی، جب کہ اسلامی نظریاتی کونسل، انسانی حقوق، خزانہ اور اطلاعات کمیٹیوں کی رپورٹس بھی ایجنڈے میں شامل ہیں۔

آج کے اجلاس میں صدر پاکستان کے پارلیمنٹ سے خطاب پر اظہار تشکر کی تحریک پر بھی بحث جاری رکھی جائے گی، اور موٹروے پر اشیائے خوردونوش کی زائد قیمتوں پر توجہ دلاؤ نوٹس پر بھی غور کیا جائے گا۔

مزیدخبریں