پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 13 رنز سے شکست دے کر ٹی 20 سیریز 1-2 سے جیت لی

09:22 AM, 4 Aug, 2025

لارڈ ہل : پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو فیصلہ کن ٹی 20 میچ میں 13 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔ یہ میچ امریکی شہر لاڈرہل میں کھیلا گیا، جہاں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

پاکستان نے 189 رنز کا ہدف ویسٹ انڈیز کے سامنے رکھا، جس میں صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان کی شاندار اننگز نے اہم کردار ادا کیا۔ صاحبزادہ فرحان نے 74 اور صائم ایوب نے 66 رنز بنائے، جس سے پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز کا اسکور کیا۔ ویسٹ انڈیز کے گیند بازوں میں جیسن ہولڈر، روسٹن چیز اور شمار جوزف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 190 رنز کے تعاقب میں 176 رنز ہی بنا سکی اور 13 رنز سے ہار گئی۔ ویسٹ انڈیز کے ردرفورڈ اور الیک ایتھنزے نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، تاہم پاکستان کے گیند بازوں نے انہیں آخری اوورز میں رنز بنانے کا موقع نہ دیا۔ پاکستان کے سپنرز، خاص طور پر محمد نواز، نے میچ کے اہم موڑ پر وکٹیں حاصل کیں، جس سے ویسٹ انڈیز کا رن ریٹ بڑھتا گیا اور ان کی جیت کی امید ختم ہو گئی۔

پاکستان کے گیند بازوں میں حسن علی، حارث رؤف، صائم ایوب اور سفیان مقیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس شاندار جیت کے بعد صاحبزادہ فرحان کو پلیئر آف دی میچ اور محمد نواز کو پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز دیا گیا۔

اس جیت کے ساتھ پاکستان کا اعتماد بلند ہوا ہے اور اب ٹیم ٹرینیڈاڈ روانہ ہو رہی ہے، جہاں وہ ایک روزہ سیریز میں ویسٹ انڈیز کا مقابلہ کرے گی۔ شائقین کو امید ہے کہ پاکستان کا یہ بہترین فارم ایشیا کپ میں بھی برقرار رہے گا۔

مزیدخبریں