اسلام آباد : مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے بڑھتے ہوئے بادلوں کے درمیان پاکستان نے متحرک سفارتکاری کا آغاز کر دیا ہے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی کو فون کر کے خطے کی سنگین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ خطہ مزید کسی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا، اس لیے تمام فریقین کو فوری طور پر کشیدگی میں کمی لانی چاہیے۔ پاک ،چین مشترکہ فارمولا: گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے مشرقِ وسطیٰ اور خلیجی خطے کے لیے پاکستان اور چین کے 5 نکاتی امن اقدام پر خصوصی روشنی ڈالی، جسے بحرینی وزیر خارجہ نے بیحد سراہا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اتفاق کیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور دیگر عالمی فورمز پر دونوں ممالک مل کر امن کے لیے آواز اٹھائیں گے۔ اعلامیے کے مطابق پاکستان اور بحرین نے علاقائی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے مستقبل میں بھی مسلسل رابطے میں رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ ٹیلیفونک رابطہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان تلخی انتہا کو پہنچ چکی ہے۔ ماہرین اس رابطے کو خطے میں بڑے پیمانے پر خون خرابے کو روکنے کی ایک اہم سفارتی کوشش قرار دے رہے ہیں۔
خلیج میں امن کی کوششیں تیز: اسحاق ڈار کا بحرینی ہم منصب سے رابطہ، 'پاک،چین امن منصوبہ' پیش
09:07 PM, 4 Apr, 2026