گڑھی خدا بخش:چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خطے میں جاری کشیدگی اور جنگ کی وجہ سے پوری دنیا معاشی بحران کا شکار ہے، جس کے اثرات پاکستان کے عام آدمی پر بھی پڑ رہے ہیں۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ایران کے خلاف جارحیت کی مذمت کی اور عوام کے لیے سندھ حکومت کے ریلیف پیکج کی تفصیلات پیش کیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایران کے خلاف شروع کی گئی جنگ نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ یہ ایک عالمی تباہی کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے ایرانی قیادت اور معصوم بچوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان حالات کی وجہ سے ہم بڑا جلسہ منعقد نہیں کر سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں اور پاکستان خطے میں امن اور جنگ بندی کی کوششوں کا بھرپور حامی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے مشکل معاشی حالات میں سندھ کے عوام کے لیے اہم اعلانات کیے۔ چھوٹے کسانوں کو 'ہاری کارڈ' کے ذریعے براہِ راست مالی مدد دی جائے گی تاکہ ڈیزل کی قیمتوں کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔ سندھ حکومت نے موٹر سائیکل مالکان کے لیے نہ صرف سبسڈی فراہم کی ہے بلکہ ٹرانسفر فیس بھی مکمل طور پر معاف کر دی ہے۔پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے باوجود عوام پر بوجھ روکنے کے لیے گڈز اور پبلک ٹرانسپورٹرز کی مالی معاونت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو ایٹمی پروگرام دے کر ناقابلِ تسخیر بنایا۔ آج کچھ قوتیں ملک میں تقسیم کی سیاست کر رہی ہیں، لیکن پیپلز پارٹی خدمت اور اتحاد کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وفاق اور صوبائی حکومتیں مل کر عام شہری کی مشکلات کم کرنے کے لیے دن رات کام کر رہی ہیں، کیونکہ عوامی مسائل کا حل ہی ہماری اولین ترجیح ہے۔
نفرت اور تقسیم کی سیاست کو اتحاد سے شکست دیں گے، پیپلز پارٹی عوام کی ڈھال بنے گی:بلاول بھٹو زرداری
06:34 PM, 4 Apr, 2026