راولپنڈی:شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ یکم اپریل کو کیے گئے ایک انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں 8 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے، جن کی شناخت کے عمل میں انتہائی اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق، دتہ خیل میں مارے گئے 8 دہشت گردوں میں سے 2 کی شناخت افغان شہریوں کے طور پر ہوئی ہے۔ یہ انکشاف اس بات کا بین ثبوت ہے کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں میں سرحد پار سے آنے والے غیر ملکی عناصر براہِ راست ملوث ہیں۔
اس ہولناک واقعے نے افغان طالبان رجیم کے ان دعوؤں کی حقیقت واضح کر دی ہے جن میں وہ مسلسل یہ موقف اپناتے رہے ہیں کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہو رہی۔ ہلاک ہونے والے خوارج میں افغان شہریوں کی موجودگی نے ثابت کر دیا ہے کہ کابل انتظامیہ نہ صرف دہشت گردوں کو پناہ فراہم کر رہی ہے بلکہ ان کی سرپرستی بھی کر رہی ہے۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ ملک کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور پاکستان دشمن عناصر کو، چاہے وہ مقامی ہوں یا غیر ملکی، عبرت کا نشان بنایا جاتا رہے گا۔
شمالی وزیرستان: سکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 8 خوارج ہلاک، ہلاک دہشت گردوں میں دو افغان شہری نکلے
02:18 PM, 4 Apr, 2026