پٹرول ، عوام کی آزمائش اور حکمرانوں کی ذمہ داری

09:06 AM, 4 Apr, 2026

ملک میں حالیہ جنگی صورتحال کے بعد پیدا ہونے والے معاشی دباﺅ نے عام آدمی کی زندگی کو جس طرح اپنی لپیٹ میں لیا ہے، وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکے بعد دیگرے تین مرتبہ نمایاں اضافہ، ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں سو روپے سے زائد کا اضافہ اور ٹول ٹیکس میں بڑھوتری نے نہ صرف مہنگائی کے طوفان کو تیز کیا ہے بلکہ معاشرے کے ہر طبقے کو شدید متاثر کیا ہے۔ اگرچہ ماضی میں بھی مہنگائی کے ادوار دیکھنے کو ملے، لیکن اس بار جو صورتحال پیدا ہوئی ہے وہ خاصی مختلف اور زیادہ سنگین ہے، کیونکہ اس کے اثرات براہ راست روزمرہ زندگی کے ہر پہلو پر پڑ رہے ہیں۔ سب سے زیادہ تشویشناک بات یہ ہے کہ اب صرف غریب طبقہ ہی نہیں بلکہ متوسط طبقہ بھی مالی دباو¿ کا شکار ہو چکا ہے، جو کسی بھی معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی تصور کیا جاتا ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کسی ایک شعبے تک محدود نہیں رہتا بلکہ اس کے اثرات معیشت کے ہر شعبے میں محسوس کیے جاتے ہیں۔ ٹرانسپورٹ مہنگی ہوتی ہے تو اشیائے خورونوش کی قیمتیں بڑھتی ہیں، صنعتوں کی لاگت میں اضافہ ہوتا ہے تو پیداوار مہنگی ہو جاتی ہے، اور جب بجلی و گیس کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو عام آدمی کے لیے اپنے گھر کا بجٹ بنانا بھی مشکل ہو جاتا ہے۔ یہی کچھ آج پاکستان میں ہو رہا ہے۔ ایک طرف روزگار کے مواقع محدود ہوتے جا رہے ہیں اور دوسری طرف اخراجات میں بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے، جس نے لوگوں کو شدید ذہنی اور معاشی دباو¿ میں مبتلا کر دیا ہے۔ ایسے حالات میں سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ عوام کیا کریں؟ کیا وہ خاموشی سے اس مہنگائی کو برداشت کرتے رہیں یا کوئی ایسا راستہ اختیار کریں جس سے ان کی مشکلات میں کسی حد تک کمی آ سکے؟ حقیقت یہ ہے کہ موجودہ حالات میں عوام کے پاس فوری طور پر کوئی جادوئی حل موجود نہیں، تاہم کچھ عملی اقدامات ایسے ضرور ہیں جو اس مشکل وقت میں سہارا بن سکتے ہیں۔ سب سے پہلے تو ہمیں اپنی طرزِ زندگی میں سادگی کو اپنانا ہوگا۔ غیر ضروری اخراجات سے بچنا، فضول خرچی کو ترک کرنا اور اپنی آمدن کے مطابق زندگی گزارنے کی کوشش کرنا وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔
دوسری جانب، معاشرتی سطح پر بھی ہمیں ایک دوسرے کا سہارا بننا ہوگا۔ خاندان، محلہ اور کمیونٹی کی سطح پر تعاون کا کلچر فروغ دینا ہوگا۔ صاحبِ استطاعت افراد کو چاہیے کہ وہ اپنے اردگرد موجود ضرورت مند افراد کی مدد کریں۔ اگر ہم بحیثیت قوم مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ہاتھ تھام لیں تو یہ بوجھ کسی حد تک کم ہو سکتا ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے ہاں اجتماعی سوچ کمزور ہوتی جا رہی ہے اور ہر شخص صرف اپنی فکر میں مبتلا ہے، جبکہ ایسے حالات میں اجتماعی شعور اور یکجہتی ہی اصل طاقت ہوتی ہے۔ اب اگر حکومت کی ذمہ داری کی بات کی جائے تو یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ اصل امتحان حکمرانوں کا ہے۔ عوام تو پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں، ایسے میں حکومت کا فرض بنتا ہے کہ وہ ایسے اقدامات کرے جو نہ صرف مہنگائی کو کنٹرول کریں بلکہ عوام کو ریلیف بھی فراہم کریں۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ مکمل طور پر عوام پر منتقل کرنے کے بجائے حکومت کو اپنے اخراجات میں کمی کرنی چاہیے۔ غیر ضروری سرکاری اخراجات، شاہانہ طرزِ حکمرانی اور غیر پیداواری منصوبوں پر خرچ ہونے والی رقوم کو کم کر کے عوام کو ریلیف دیا جا سکتا ہے۔
اسی طرح ٹیکس نظام میں بھی اصلاحات کی اشد ضرورت ہے۔ پاکستان میں ٹیکس کا بوجھ ہمیشہ ایک محدود طبقے پر ڈالا جاتا ہے، جبکہ بڑے بڑے شعبے اور بااثر افراد ٹیکس نیٹ سے باہر رہتے ہیں۔ اگر حکومت ٹیکس نظام کو منصفانہ بنا دے اور ہر آمدن والے فرد کو اس کے مطابق ٹیکس دینے کا پابند کرے تو نہ صرف قومی خزانے میں اضافہ ہوگا بلکہ عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے کی ضرورت بھی کم ہو جائے گی۔ توانائی کے شعبے میں بھی بنیادی اصلاحات ناگزیر ہیں۔ ہمیں درآمدی ایندھن پر انحصار کم کر کے متبادل توانائی ذرائع جیسے سولر، ونڈ اور ہائیڈرو پاور کی طرف جانا ہوگا۔ اگر حکومت اس شعبے میں سنجیدہ اقدامات کرے تو نہ صرف توانائی کی لاگت کم ہو سکتی ہے بلکہ ملک کو معاشی استحکام بھی حاصل ہو سکتا ہے۔ بدقسمتی سے ماضی میں اس جانب توجہ نہیں دی گئی، جس کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے۔
اسی تناظر میں ایک نہایت اہم اور دور اندیش قدم یہ ہو سکتا ہے کہ حکومت ہنگامی بنیادوں پر ٹرانسپورٹ کے شعبے کو الیکٹرک ٹیکنالوجی کی طرف منتقل کرنے کے اقدامات کرے۔ اگرچہ یہ تبدیلی فوری طور پر چند مہینوں میں ممکن نہیں، لیکن اگر آج سنجیدگی کے ساتھ اس سمت میں پالیسی سازی، سرمایہ کاری اور سہولیات کی فراہمی کا آغاز کر دیا جائے تو آنے والے چند سال میں ہم پٹرول جیسے مہنگے اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم کر سکتے ہیں۔ الیکٹرک بسیں، موٹر سائیکلیں اور کاریں نہ صرف عوام کے لیے سستی سفری سہولت فراہم کر سکتی ہیں بلکہ ملک کو زرمبادلہ کے بڑے نقصان سے بھی بچا سکتی ہیں۔ یوں ہم آہستہ آہستہ پٹرول جیسی عیاشی سے نکل کر خود انحصاری، آسانی اور پائیدار ترقی کی جانب بڑھ سکتے ہیں۔ ایک اور اہم پہلو کرپشن کا خاتمہ ہے۔ جب تک سرکاری وسائل کا ضیاع اور کرپشن جاری رہے گی، عوام کو حقیقی ریلیف ملنا مشکل ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ شفافیت کو یقینی بنائے اور ہر سطح پر احتساب کا نظام مضبوط کرے۔ جب عوام کو یہ اعتماد ہوگا کہ ان کے ٹیکس کا پیسہ صحیح جگہ استعمال ہو رہا ہے تو وہ بھی مشکل حالات کو برداشت کرنے کے لیے زیادہ تیار ہوں گے۔یہ بھی حقیقت ہے کہ جنگی حالات میں بعض اوقات سخت فیصلے ناگزیر ہو جاتے ہیں، لیکن ان فیصلوں کا بوجھ یکطرفہ نہیں ہونا چاہیے۔ اگر عوام قربانی دے رہے ہیں تو حکمرانوں کو بھی مثال قائم کرنی چاہیے۔ سادگی، کفایت شعاری اور دیانت داری کا عملی مظاہرہ ہی عوام کا اعتماد بحال کر سکتا ہے۔ صرف بیانات اور وعدوں سے حالات بہتر نہیں ہوں گے بلکہ عملی اقدامات ہی اصل فرق ڈال سکتے ہیں۔
آخر میں یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ پاکستان اس وقت ایک نازک دور سے گزر رہا ہے جہاں ہر فیصلہ مستقبل کی سمت کا تعین کرے گا۔ اگر ہم نے بروقت اور درست فیصلے نہ کیے تو یہ معاشی بحران مزید گہرا ہو سکتا ہے۔ عوام کو صبر، برداشت اور باہمی تعاون کا مظاہرہ کرنا ہوگا، جبکہ حکومت کو دانشمندی، دیانت داری اور سنجیدگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی۔ یہی وہ راستہ ہے جو ہمیں اس بحران سے نکال سکتا ہے اور ایک مستحکم اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھ سکتا ہے۔

مزیدخبریں