اسلام آباد: 2025 کی پاسپورٹ درجہ بندی میں پاکستان کا پاسپورٹ دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹس میں شامل ہے۔ پاکستان 32 پوائنٹس کے ساتھ 195 ویں نمبر پر موجود ہے، جو اسے دنیا کے بدترین پاسپورٹس میں سے ایک بنا دیتا ہے۔
پاسپورٹ کی درجہ بندی پانچ اہم عوامل پر مبنی ہوتی ہے، جن میں ویزا فری سفر، شہریوں پر ٹیکس، عوامی تاثرات، دوہری شہریت اور ذاتی آزادی شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ آئرلینڈ کا ہے، جہاں کے شہری 176 ممالک میں بغیر ویزا کے سفر کر سکتے ہیں۔
پاکستان کا پاسپورٹ ان ممالک میں شامل ہے جنہیں دنیا بھر میں کمزور سمجھا جاتا ہے، اور اس کے بعد عراق، اریٹیریا، یمن اور افغانستان ہیں۔ افغانستان کا پاسپورٹ 27 پوائنٹس کے ساتھ سب سے کمزور پایا گیا ہے۔