نیویارک : عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے سربراہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹیرف میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی معیشت کی سست ترقی کے وقت یہ ٹیرف ایک بڑا خطرہ ثابت ہو سکتے ہیں۔ آئی ایم ایف نے کہا کہ امریکا کو اپنے تجارتی شراکت داروں کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہیے اور ایسے اقدامات سے بچنا چاہیے جو عالمی معیشت کو نقصان پہنچا سکتے ہوں۔
کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنے نے امریکی ٹیرف کے جواب میں امریکا سے درآمد کی جانے والی گاڑیوں پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کی تجارتی جنگ عالمی معیشت کے لیے تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے۔
فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے بھی ٹرمپ کے ٹیرف پر شدید تنقید کی اور اسے "ظالمانہ اور بے بنیاد" قرار دیا۔ میکرون کا کہنا تھا کہ یہ فیصلے نہ صرف عالمی معیشت بلکہ خود امریکی معیشت کے لیے بھی نقصان دہ ہیں۔
دنیا کے مختلف رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کے ٹیرف عالمی تجارتی تعلقات اور معیشت کے لیے مشکلات پیدا کر سکتے ہیں، اور اس سے عالمی سطح پر اقتصادی استحکام کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔