بجٹ کے لیے تجاویز کا جائزہ لینے کےیےآئی ایم ایف کا وفد آج پاکستان پہنچے گا

10:12 AM, 4 Apr, 2025

اسلام آباد : عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا ایک وفد آج پاکستان پہنچے گا، جس کا مقصد اگلے مالی سال کے بجٹ کے لیے تجاویز کا جائزہ لینا ہے۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق، آئی ایم ایف کے وفد کی ملاقات وزارت خزانہ کے حکام سے ہوگی، جہاں وہ بجٹ تجاویز کو حتمی شکل دینے کے لیے تفصیلی بات چیت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف وفد ٹیکس ریونیو میں اضافے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بات کرے گا اور اخراجات کو کنٹرول کرنے کے بارے میں بھی مشورے دے گا۔ اس کے ساتھ ہی، زرعی ٹیکس کی وصولی کے طریقہ کار اور اس پر عمل درآمد کے اہداف کو بھی طے کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف وفد پنشن سکیم کے نفاذ پر بھی بات کرے گا اور قرضوں کی ادائیگی کے لیے بیرونی فنانسنگ کے انتظامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بھی آخری فیصلے کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق، وفد کے دورے کے دوران کیے جانے والے مذاکرات اور اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد آئی ایم ایف سے قرض کی اگلی قسط کی منظوری پر فیصلہ کیا جائے گا۔ پاکستان کا وفاقی بجٹ جون کے پہلے ہفتے میں پیش ہونے کا امکان ہے۔

مزیدخبریں