پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 46 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے

10:05 AM, 4 Apr, 2025

کراچی : پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 46 ویں برسی آج بڑے عقیدت اور احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ آج کے دن 1979 میں ذوالفقار علی بھٹو کو راولپنڈی میں پھانسی دی گئی تھی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی مختلف تقریبات کا انعقاد کر رہی ہے، اور ان کی خدمات کو یاد کیا جا رہا ہے۔

 پاکستان کی سپریم کورٹ نے پچھلے سال مارچ میں یہ فیصلہ دیا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف مقدمہ منصفانہ نہیں تھا، جس نے ان کی پھانسی کے معاملے پر نئے سوالات اٹھا دیے ہیں ، اس کے علاوہ  ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر سندھ بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس دن کو خاص بنانے کے لیے مختلف پروگرام اور جلسے منعقد کیے جا رہے ہیں۔

آصف علی زرداری کا پیغام: صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہید بھٹو ایک عظیم رہنما تھے جنہوں نے پاکستان کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے بے مثال کام کیے۔ انہوں نے ان کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ بھٹو نے ملک کو ایک متفقہ آئین دیا اور پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی۔

ذوالفقار علی بھٹو کی زندگی پر ایک نظر : ذوالفقار علی بھٹو 5 جنوری 1928 کو لاڑکانہ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے قانون کی تعلیم حاصل کی اور 1963 میں جنرل ایوب خان کی کابینہ میں وزیر خارجہ کے طور پر سیاسی میدان میں قدم رکھا۔ 1967 میں انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی، جس نے جلد ہی ملک بھر میں مقبولیت حاصل کی۔ ان کا مشہور نعرہ "روٹی، کپڑا اور مکان" آج بھی لوگوں کی زبان پر ہے۔

بھٹو نے پاکستان کو متفقہ آئین دیا، بھارت کے ساتھ شملہ معاہدہ کیا، اور ملک کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی۔ 1977 میں فوجی حکومت نے ان کی منتخب حکومت کا تختہ الٹ دیا اور 4 اپریل 1979 کو انہیں پھانسی دے دی گئی۔ ذوالفقار علی بھٹو کی شہادت کے بعد ان کی سیاسی وراثت ان کی بیٹی بینظیر بھٹو نے آگے بڑھائی، اور آج ان کے نواسے بلاول بھٹو زرداری ان کے سیاسی مشن کو جاری رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں