قومی ہاکی چیمپئن شپ، انعامات کے لیے 2 کروڑ 80 لاکھ روپے مختص

10:06 AM, 3 Sep, 2026

اسلام آباد: پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملک میں ہاکی کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے قومی چیمپئن شپ کا نیا منصوبہ پیش کردیا ہے۔ ایونٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں اور ٹیموں کے لیے مجموعی طور پر 2 کروڑ 80 لاکھ روپے کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔

صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن محی الدین احمد وانی کے مطابق قومی سینئر، جونیئر اور انڈر 15 چیمپئن شپ آئندہ سال جنوری میں منعقد ہوں گی۔ مقابلوں میں مردوں کے ساتھ خواتین کی ٹیموں کو بھی شرکت کا موقع دیا جائے گا۔

نئے فارمیٹ کے تحت ہر صوبے سے زیادہ سے زیادہ چار ٹیمیں قومی مقابلوں میں شریک ہوسکیں گی، جبکہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی دو، دو ٹیمیں ایونٹ میں نمائندگی کریں گی۔ اس کے علاوہ محکمہ جاتی ٹیموں کو بھی چیمپئن شپ میں شرکت کی اجازت ہوگی۔

محی الدین احمد وانی نے کہا کہ انعامی رقم کا مقصد کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور مقابلوں میں بہتر کارکردگی کا رجحان پیدا کرنا ہے۔ کامیاب ٹیموں اور بہترین پرفارم کرنے والے کھلاڑیوں کو انعامات سے نوازا جائے گا۔

ان کے مطابق جن علاقوں میں خواتین کی ہاکی ٹیمیں موجود ہیں، وہاں انہیں بھی قومی سطح پر اپنی صلاحیتیں دکھانے کے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

صدر پی ایچ ایف نے کہا کہ نئے مسابقتی نظام کے ذریعے ملک کے مختلف علاقوں سے ٹیلنٹ تلاش کیا جائے گا، علاقائی مقابلوں کی سطح بہتر بنائی جائے گی اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے انڈر 15 سے جونیئر اور سینئر ٹیم تک پہنچنے کا باقاعدہ راستہ ہموار کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ ٹیموں کی شرکت، مسابقتی میچز میں اضافے اور پرکشش انعامات کے ذریعے پاکستان ہاکی کو گراس روٹ سے مضبوط کرکے قومی سطح تک ایک مستحکم ڈھانچے میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

مزیدخبریں