فیلڈ مارشل عاصم منیر 2027 تک آرمی چیف رہیں گے: رانا ثناء اللہ

10:02 PM, 3 Sep, 2025

اسلام آباد:وزیر اعظم کے مشیر اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نومبر 2027 تک آرمی چیف کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔

نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عاصم منیر نے جو کامیابیاں حاصل کی ہیں، ان کے بعد ان سے زیادہ کسی اور کو توسیع کا حق نہیں بنتا۔

ایئرچیف کی مدتِ ملازمت کے سوال پر انہوں نے وضاحت کی کہ حالیہ قانونی ترمیم کے بعد نیا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ضرورت نہیں، اور پانچ سال مکمل ہونے پر ایئرچیف از خود ریٹائر ہو جائیں گے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ موجودہ اسمبلی 2029 تک اپنی مدت پوری کرے گی۔ انہوں نے  پی ٹی آئی کے بانی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ سیاست کرنا چاہتے ہیں تو بات چیت کے دروازے کھلے ہیں، لیکن 9 مئی کا واقعہ کسی بھی طور سیاسی احتجاج نہیں تھا، بلکہ ریاست کے خلاف کارروائی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف ملک میں سیاسی استحکام چاہتے ہیں، جبکہ پی ٹی آئی کی قیادت سول وار کے ایجنڈے پر عمل کر رہی ہے، جسے ہرگز برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

مزیدخبریں