پنجاب میں سیلاب: پاک فوج اور سول انتظامیہ کا امدادی آپریشن جاری، سینکڑوں افراد ریسکیو

01:56 PM, 3 Sep, 2025

لاہور : پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج اور سول ادارے بھرپور انداز میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ جھنگ، چنیوٹ، کھولڑہ پوائنٹ، ہسو والی اور بدھوانہ جیسے علاقوں میں سینکڑوں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

ریسکیو ٹیموں نے کشتیوں کے ذریعے پانی میں گھرے خاندانوں کو نکالا، جن میں بزرگ، خواتین اور بچے شامل تھے۔ اس کے ساتھ ساتھ مال مویشیوں کو بھی محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا تاکہ مقامی لوگوں کا روزگار متاثر نہ ہو۔

پاک فوج کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں جہاں راشن، کپڑے اور ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔ فری میڈیکل کیمپس بھی لگائے گئے ہیں، جن میں ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل عملہ متاثرین کو مفت طبی امداد دے رہا ہے۔

ریسکیو آپریشن بدستور جاری ہے اور تمام ادارے الرٹ ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔ متاثرین نے پاک فوج کی فوری مدد اور انسانی ہمدردی کے جذبے کو سراہتے ہوئے اسے اپنی زندگیاں بچانے والی مدد قرار دیا ہے۔

مزیدخبریں