انقرہ : ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی قیادت کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لیے فوری ویزے دے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی وفد کا اجلاس میں نہ ہونا ناقابلِ قبول ہے، کیونکہ ان کی غیر موجودگی صرف اسرائیل کو خوش کرے گی۔
صدر اردگان کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے ویزا نہ دینا اقوام متحدہ کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے، اور یہ عمل فلسطین کی آواز کو دبانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا خاموش نہیں رہ سکتی، اور امریکا کو اسرائیل کے مظالم روکنے کے لیے فوری قدم اٹھانا ہوگا۔
یاد رہے کہ امریکی حکومت نے فلسطینی صدر محمود عباس سمیت 80 سے زائد افراد کو ویزا دینے سے انکار کر دیا تھا، جس پر محمود عباس نے شدید ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہے۔