بیجنگ میں دوسری جنگ عظیم میں فتح کی 80ویں سالگرہ، چین کی شاندار فوجی پریڈ اور عالمی طاقت کا مظاہرہ

09:25 AM, 3 Sep, 2025

بیجنگ: چین نے جاپانی جارحیت کے خلاف اپنی مزاحمتی جنگ اور دوسری جنگ عظیم میں فتح کی 80ویں سالگرہ پر بیجنگ کے تیانمن اسکوائر میں ایک شاندار اور تاریخی تقریب کا انعقاد کیا۔ اس تقریب کو نہ صرف جنگی ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا موقع بنایا گیا بلکہ چین نے اسے اپنی عسکری، قومی اور سفارتی طاقت کے اظہار کے طور پر بھی استعمال کیا۔

تقریب کا سب سے اہم حصہ شاندار فوجی پریڈ تھی، جس میں چینی فوج کے بری، بحری اور فضائی دستوں نے بڑی مہارت سے شرکت کی۔ فوجی دستوں کی ہم آہنگی، جدید ٹینکوں، میزائل بردار گاڑیوں، اور جدید طیاروں کی جھلک نے دنیا کو چین کی عسکری ترقی کا واضح پیغام دیا۔

بین البراعظمی میزائلوں سمیت جدید ہتھیاروں کی نمائش کی گئی، جنہیں دنیا کے کسی بھی حصے میں ہدف کو نشانہ بنانے کے قابل قرار دیا گیا۔

چین کے صدر شی جن پنگ نے پریڈ کا معائنہ کیا اور خطاب میں اس عزم کا اظہار کیا کہ چین کی فوج کو عالمی معیار کی طاقت بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چینی فوج قوم کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا دفاع پوری قوت سے کرے گی۔

صدر شی نے اس بات پر زور دیا کہ چین کبھی بھی توسیع پسندانہ عزائم نہیں رکھتا، لیکن کسی کو بھی چین کی ترقی روکنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ ایسے حالات پیدا نہ ہونے دیے جائیں جو ماضی جیسے سانحات کا باعث بنیں۔

اس تقریب میں دنیا کے 26 ممالک کے رہنما شریک ہوئے، جن میں روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن، شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان، ایران کے صدر پزشکیان اور پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف شامل تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف کو خصوصی اہمیت دی گئی، وہ صدر شی کے ہمراہ نمایاں حیثیت میں موجود تھے۔ تقریب میں بھارت کے وزیراعظم کو دعوت نہ دیے جانا ایک قابلِ توجہ سفارتی اشارہ سمجھا جا رہا ہے۔

تقریب میں دوسری جنگ عظیم کے بزرگ چینی سپاہیوں کو مدعو کیا گیا، جنہوں نے ملک کے لیے قربانیاں دیں۔ آخر میں 80 ہزار فاختائیں فضا میں چھوڑ کر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، جبکہ رنگ برنگے غبارے فضا میں بلند ہوئے۔ نوجوان لڑکے اور لڑکیاں قومی نغمے گاتے اور پرچم لہراتے رہے۔رات کو "گریٹ ہال آف دی پیپل" میں عالمی مہمانوں کے لیے خصوصی عشائیہ بھی دیا گیا۔ 

مزیدخبریں