شہریوں کی حفاظت اور روڈ سیفٹی کو یقینی بنانے کے لیے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے   ہوں گے

09:45 PM, 3 Oct, 2025

کراچی:سندھ حکومت نے شہریوں کی حفاظت اور روڈ سیفٹی کو یقینی بنانے کے لیے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے اور ڈی میرٹ پوائنٹس کا نیا نظام نافذ کر دیا ہے۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ اوور اسپیڈنگ، سگنل توڑنے، غلط سمت میں گاڑی چلانے، اوورلوڈنگ اور بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے جیسے سنگین جرائم پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ نئی پالیسی کے تحت مختلف گاڑیوں کی اقسام کے مطابق جرمانے بڑھا دیے گئے ہیں، جن میں موٹر سائیکل، کار، پبلک سروس وہیکل اور ہیوی ٹرانسپورٹ شامل ہیں۔

ان کے مطابق اوور اسپیڈنگ پر موٹر سائیکل کے لیے ۵ ہزار، کار کے لیے ۱۵ ہزار اور ہیوی ٹرانسپورٹ کے لیے ۲۰ ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا، اور اس کے ساتھ ۸ ڈی میرٹ پوائنٹس بھی دئیے جائیں گے۔ بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے گاڑی چلانے پر ۵۰ ہزار روپے تک جرمانہ اور ۶ ڈی میرٹ پوائنٹس عائد ہوں گے۔ لاپرواہ ڈرائیونگ کی صورت میں ۲۵ ہزار روپے جرمانہ اور ۸ ڈی میرٹ پوائنٹس لگائے جائیں گے۔

مزید برآں، ون وہیلنگ، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے، دھندلے شیشے استعمال کرنے، غلط لین میں ڈرائیونگ اور چھت پر مسافروں کو بٹھانے پر بھی بھاری سزائیں دی جائیں گی۔

شرجیل انعام میمن نے واضح کیا کہ یہ اقدامات صرف جرمانے وصول کرنے کے لیے نہیں بلکہ عوام کی جانوں کی حفاظت کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سگنل توڑنا، اوور اسپیڈنگ اور ون وہیلنگ معمولی غلطیاں نہیں بلکہ جان لیوا حرکات ہیں، جن کی وجہ سے نہ صرف ڈرائیور بلکہ عام لوگ بھی خطرے میں پڑ جاتے ہیں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی اور بار بار خلاف ورزی پر لائسنس معطل یا منسوخ بھی کیا جا سکتا ہے۔

مزیدخبریں