وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب میں سب سے بڑا سیلابی سروے شروع

11:04 AM, 3 Oct, 2025

لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب کے 27 سیلاب متاثرہ اضلاع میں تاریخ کا سب سے بڑا فلڈ سروے شروع کر دیا گیا ہے۔ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی ٹیمیں گھروں اور کھیتوں میں جا کر متاثرین کا ڈیٹا جمع کر رہی ہیں۔

اب تک 1857 ٹیموں نے مل کر 81 ہزار سے زائد متاثرہ افراد کی معلومات اکٹھی کر لی ہیں۔ کسانوں سے فصلوں کے نقصانات کی تفصیلات بھی لی جا رہی ہیں، اور اب تک 56 ہزار سے زائد کسانوں کی فصلوں کے نقصان کی رپورٹ تیار ہو چکی ہے۔ تقریباً 54 ہزار ایکڑ زمین کو سیلاب متاثرہ قرار دیا گیا ہے۔

اسی طرح 24 ہزار سے زائد متاثرہ گھروں کا ڈیٹا بھی اکٹھا کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 1057 ایسے لوگ بھی ہیں جن کے مویشی سیلاب میں ہلاک ہو گئے، اور اب تک 3945 مویشیوں کی ہلاکت کی تفصیلات موصول ہوئی ہیں۔

پنجاب کے مختلف محکمے اور پاک فوج کے اہلکار بھی سروے میں حصہ لے رہے ہیں، اور کشتیوں کے ذریعے ایسے دیہاتوں تک بھی پہنچا جا رہا ہے جہاں پانی کھڑا ہے تاکہ ہر متاثرہ کا درست حال معلوم کیا جا سکے۔

پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ وہ روزانہ سروے کی پیش رفت کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ کام جلد اور شفاف طریقے سے مکمل ہو سکے۔

سیلاب متاثرہ ایک بزرگ نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اقدامات کی تعریف کی اور دعا کی کہ وہ متاثرین کے مسائل جلد حل کریں۔ اس موقع پر بزرگ نے وزیر اعلیٰ اور میاں نواز شریف کے حق میں نعرے بھی لگائے اور سروے ٹیموں کو خراج تحسین پیش کیا۔

مزیدخبریں