غزہ : غزہ میں اسرائیلی فوج کی جارحیت رکنے کا نام نہیں لے رہی۔ تازہ فضائی اور زمینی حملوں میں مزید 53 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں، جن میں سے 13 وہ لوگ بھی شامل ہیں جو بھوک اور امداد کی تلاش میں نکلے تھے۔
فلسطینی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ اس تباہ کن حملے کے بعد غزہ میں اب تک شہداء کی تعداد 66 ہزار 225 سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 68 ہزار 938 تک پہنچ گئی ہے۔
مسلسل بمباری اور حملوں کی وجہ سے طبی عملہ بھی شدید مشکلات کا سامنا کر رہا ہے۔ ڈاکٹروں اور نرسوں کو زخمیوں تک پہنچنے میں دشواری ہو رہی ہے اور اسپتالوں میں حالات قابو سے باہر ہیں۔
ادھر، بین الاقوامی تنظیم ریڈ کراس نے بھی غزہ میں اپنی سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے، جب کہ ڈاکٹرز وِد آؤٹ بارڈرز نے بھی پہلے ہی اپنی خدمات بند کر رکھی ہیں۔
فلسطینی حکام نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے تاکہ اسپتالوں اور طبی عملے کو تحفظ فراہم کیا جا سکے اور غزہ میں انسانی بحران کو روکنے کے اقدامات کیے جا سکیں۔