ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری، موسم خوشگوار

09:57 AM, 3 Oct, 2025

اسلام آباد: ملک کے کئی شہروں میں آج صبح سویرے موسلا دھار بارش اور ژالہ باری ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا اور سردی کی پہلی جھلک بھی محسوس کی جانے لگی۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں علی الصبح تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، جبکہ کچھ علاقوں میں اولے بھی پڑے۔ ٹھنڈی ہواؤں کے باعث خنکی میں اضافہ ہو گیا، اور یوں لگنے لگا جیسے سردیوں کا آغاز ہو چکا ہو۔

راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ کچھ دیر تک جاری رہا، جس سے کئی نشیبی جگہوں پر پانی جمع ہو گیا اور شہریوں کو آمدورفت میں دقت کا سامنا کرنا پڑا۔

اسی طرح خیبرپختونخوا کے علاقوں، خاص طور پر باجوڑ، مالاکنڈ اور سوات میں رات گئے گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور ژالہ باری ہوئی، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج مری، گلیات، جہلم، گوجرانوالہ اور لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں مزید بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب دیر، چترال، پشاور، مردان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش متوقع ہے، جبکہ سندھ کے شہروں کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص میں چند مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔موسم کی یہ تبدیلی جہاں خوشگوار احساس لا رہی ہے، وہیں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ضرورت ہے۔

مزیدخبریں