سام سنگ ڈسپلے کا فولڈ ایبل فونز کے لیے OLED اسکرینز کی بڑی پیداوار کا اعلان

12:20 AM, 3 Oct, 2025

کراچی: سام سنگ ڈسپلے کے صدر لی چیونگ نے بتایا ہے کہ ان کی کمپنی جلد ہی شمالی امریکہ کے ایک اہم کلائنٹ کے لیے فولڈ ایبل OLED پینلز کی وسیع پیمانے پر تیاری کا آغاز کرے گی۔ اگرچہ انہوں نے اس کلائنٹ کا نام نہیں بتایا، مگر تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ یہ آرڈر ایپل کا ہو سکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایپل اپنا پہلا فولڈ ایبل آئی فون مارکیٹ میں متعارف کروانے کے قریب ہے اور اس کے لیے بنیادی ڈسپلے کمپونینٹس کی تیاری شروع ہو چکی ہے، جس کے لیے سام سنگ ڈسپلے بطور مین سپلائر کام کر رہا ہے۔

متوقع ہے کہ ایپل کا یہ فولڈ ایبل فون 5.5 انچ کے کور ڈسپلے کے ساتھ ساتھ 7.8 انچ کا فولڈ ہونے والا اندرونی اسکرین رکھے گا۔ مزید برآں، اس ڈیوائس میں موجودہ Face ID کے بجائے سائیڈ پر Touch ID سینسر نصب کیا جا سکتا ہے، جو کہ اینڈرائیڈ فولڈ ایبل فونز میں عام ہے۔

یہ فولڈ ایبل آئی فون ممکنہ طور پر ستمبر 2026 میں آئی فون 18 سیریز کے ساتھ لانچ کیا جائے گا، لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ لانچ کی تاریخ میں تبدیلی کا امکان بھی موجود ہے کیونکہ ڈیوائس کی تیاری ابھی جاری ہے۔
 
 

مزیدخبریں