لاہور:عالمی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے پنجاب میں ’کروم بک‘ کی مقامی تیاری کے لیے فیکٹری قائم کرنے کی پیشکش کی ہے۔ لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات کے دوران گوگل فار ایجوکیشن کے گلوبل ڈائریکٹر کیون کالیس اور ٹیک ویلی کے سی آئی او عمر فاروق نے منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
وفد کے مطابق نئی کروم بکس میں طلبہ کے لیے جیمنائی، ریڈ آلانگ اور کینوا جیسے تعلیمی سافٹ ویئر انسٹال کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیمی ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے فروغ کے لیے گوگل کے تعاون کو یقینی بنائے گی۔
یہ اقدام نہ صرف تعلیمی معیار بلند کرے گا بلکہ پنجاب میں ڈیجیٹل تعلیم اور مقامی آئی ٹی صنعت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔