حکومت معیشت میں بنیادی اصلاحات کرنے کے ایجنڈے پر عمل کر رہی ہے ، وزیر خزانہ

02:22 PM, 3 Nov, 2025

اسلام آباد : پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ عالمی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی معیشت میں استحکام کی تصدیق کی ہے۔ وزیر خزانہ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت معیشت میں بنیادی اصلاحات کرنے کے ایجنڈے پر عمل کر رہی ہے اور ہمیں مائیکرو اکنامک استحکام حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ معاشی استحکام کی علامت ہے اور پالیسی ریٹ میں کمی سے معیشت پر اچھے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

چیئرمین ایف بی آر، راشد محمود لنگڑیال نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی میں 1.49 فیصد اضافہ ہوا ہے، اور وہ صوبوں اور وفاقی حکومت سے مزید 18 فیصد ریونیو جمع کرنے کا ہدف رکھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیکس ریٹرن فائل کرنے والوں کی تعداد 59 لاکھ تک پہنچ چکی ہے اور اس میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ راشد محمود نے یہ بھی کہا کہ ایف بی آر کی ٹیکس وصولی کے اقدامات میں مزید بہتری لانے کے لیے حکومتی حمایت حاصل ہے۔

وزیر توانائی اویس لغاری نے توانائی کے شعبے میں حکومتی اصلاحات کے بارے میں بتایا کہ گزشتہ 18 ماہ میں بجلی کی قیمت میں ساڑھے 10 فیصد کمی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گردشی قرضوں کے خاتمے کے لیے ایک مؤثر منصوبہ پر عمل پیرا ہے اور ایک سال کے اندر 700 ارب روپے کا کم ہو چکا ہے۔ اویس لغاری نے یہ بھی بتایا کہ توانائی کے شعبے کے تکنیکی مسائل حل کر کے حکومت نے بڑی بچت کی ہے اور صارفین کو پری پیڈ میٹرنگ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

مزیدخبریں