غزہ : غزہ میں اسرائیلی فوج کی جنگ بندی کی خلاف ورزیاں مسلسل جاری ہیں، اور تازہ کارروائیوں میں اسرائیلی فوج نے مزید 3 فلسطینیوں کو شہید کر دیا ہے۔ عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی فوج نے غزہ کے مختلف علاقوں میں فلسطینیوں کو نشانہ بنایا ہے۔ جنگ بندی کے آغاز سے اب تک 236 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ 600 سے زائد زخمی ہیں۔
غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق، مغربی غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملوں سے ایک عمارت تباہ ہوئی، جس کے ملبے سے مزید 2 فلسطینیوں کی لاشیں نکالی گئیں۔ خان یونس اور دیگر علاقوں میں ریسکیو آپریشن ابھی بھی جاری ہیں۔
اب تک اسرائیلی فوج کے حملوں میں غزہ میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 68,858 ہو چکی ہے، جب کہ زخمی ہونے والوں کی تعداد 170,664 تک پہنچ چکی ہے۔
اس کے علاوہ، اسرائیلی فوج کی کارروائیاں مغربی کنارے میں بھی جاری ہیں، جہاں گھر گھر تلاشی کے دوران بچوں سمیت 21 فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔اسی دوران، اسرائیلی فوج نے لبنان میں بھی جنگ بندی کی خلاف ورزی کی، اور جنوبی لبنان میں ایک کار پر ڈرون حملہ کر کے 4 افراد کو شہید کر دیا۔