لاہور : بھارت سے آنے والی ہواؤں کی وجہ سے پنجاب کی فضا میں آلودگی کی سطح بڑھ گئی ہے، جس کے باعث لاہور سمیت کئی شہر سموگ کی لپیٹ میں آ گئے ہیں۔ لاہور میں آلودگی کا حد سے زیادہ بڑھنا تشویش کا باعث ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 471 تک پہنچ چکا ہے۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی شدت مختلف ہے؛ لوئر مال 804، گلبرگ 758، ساندہ روڈ 745، ڈی ایچ اے 724، اور شالیمار میں 585 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ پنجاب کے دوسرے شہر جیسے گوجرانوالہ (637)، فیصل آباد (365) اور ملتان (245) بھی سموگ سے متاثر ہیں۔
ماہرین صحت نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ماسک کا استعمال کریں تاکہ سانس کی بیماریوں سے بچا جا سکے۔
دوسری طرف، محکمہ موسمیات نے خوشخبری دی ہے کہ کل سے لاہور میں بارشیں متوقع ہیں، جس سے آلودگی کی سطح میں کمی آنے کی امید ہے۔
سموگ کی شدت کے پیش نظر پنجاب کے تعلیمی اداروں کے اوقات کار میں تبدیلی کی گئی ہے۔ آج سے تعلیمی ادارے صبح 8:45 پر کھلیں گے تاکہ طلبہ اور اساتذہ کم سے کم آلودہ فضا میں اسکول پہنچ سکیں۔