لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور کے مصروف ترین نادرا سنٹر شملہ پہاڑی کا سرپرائز دورہ کیا، جہاں انہوں نے عوامی سہولیات کے فقدان اور انتظامی کوتاہیوں پر سخت ایکشن لیا۔وزیر داخلہ جب سنٹر پہنچے تو وہاں گرمی اور حبس کی وجہ سے شہری پریشان حال تھے۔ اے سی بند ہونے اور لمبی قطاریں دیکھ کر محسن نقوی نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے انتظامیہ سے سوال کیا کہ شدید گرمی میں شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کیوں نہیں کی جا رہیں؟۔
محسن نقوی نے کسی رسمی پروٹوکول کے بغیر قطاروں میں کھڑے مرد و خواتین سے ملاقات کی۔
شہریوں نے شناختی کارڈ کے حصول میں ہونے والی تاخیر اور عملے کے رویے سے متعلق شکایات کے انبار لگا دیے۔ وزیر داخلہ نے مختلف کاؤنٹرز پر جا کر خود مانیٹرنگ کی اور عوام کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے۔
وزیر داخلہ نے نادرا حکام کو درج ذیل فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے تمام ایئر کنڈیشنرز کو فوری طور پر درست کروا کر فنکشنل کیا جائے۔ رش کو کم کرنے کے لیے ٹوکن سسٹم کو جدید اور تیز رفتار بنایا جائے۔ تمام دستیاب کاؤنٹرز پر عملے کی موجودگی یقینی بنائی جائے تاکہ شہریوں کا وقت ضائع نہ ہو۔
نادرا سنٹر شملہ پہاڑی میں بدنظمی: وزیر داخلہ محسن نقوی کا ہنگامی دورہ، شہریوں کے مسائل حل کرنے کا حکم
01:52 PM, 3 May, 2026