لاہور: پاکستان سپر لیگ کے سب سے بڑے معرکے سے قبل میدان کے باہر بھی لفظی جنگ تیز ہو گئی ہے۔ پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم اور حیدرآباد کنگز مین کے قائد مارنس لبوشین نے جیت کے لیے اپنے اپنے عزائم ظاہر کر دیے ہیں۔
قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ان کا واحد ہدف پی ایس ایل کی ٹرافی ہے۔ ان کا کہنا تھا جب سٹیڈیم تماشائیوں سے بھرا ہو تو پرفارم کرنے کا مزہ ہی الگ ہوتا ہے، ہوم کراؤڈ دباؤ نہیں بلکہ ہماری طاقت ہے۔ انہوں نے ٹیم ورک پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر کپتان خود آگے بڑھ کر کارکردگی دکھائے تو ٹیم کی جیت آسان ہو جاتی ہے۔
حیدرآباد کنگز مین کے کپتان مارنس لبوشین نے اپنی ٹیم کو 'انڈر ڈاگ' ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا "ہم نے فائنل تک پہنچنے کے لیے انتہائی مشکل مقابلے جیتے ہیں، ہمیں اپنی صلاحیتوں پر پورا اعتماد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فائنل میں دباؤ لینے کے بجائے ہم اپنے پہلے سے طے شدہ پلان پر عمل کریں گے اور جو ٹیم اپنی اسکلز کا بہتر استعمال کرے گی وہی جیتے گی۔
دونوں کپتانوں کے بیانات نے فائنل کا درجہ حرارت مزید بڑھا دیا ہے۔ جہاں بابر اعظم اپنے ہوم گراؤنڈ پر برتری حاصل کرنے کی کوشش کریں گے، وہیں لبوشین اپنے کھلاڑیوں کے بلند حوصلے کے ساتھ میدان مارنے کے لیے تیار ہیں۔
تاج کس کا؟ بابر اعظم اور مارنس لبوشین آمنے سامنے، فائنل سے قبل کپتانوں کے تابڑ توڑ حملے
11:48 AM, 3 May, 2026