اسلام آباد : صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یومِ آزادیِ صحافت کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں صحافتی برادری کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سچائی کی ترویج اور عوامی شعور کی بیداری میں میڈیا کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں صحافت اور امن کے گہرے تعلق پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا سماجی امن کی بنیاد سچائی پر ہے، اور سچ کو سامنے لانا صحافت کا بنیادی فریضہ ہے۔ موجودہ دور میں ڈس انفارمیشن (غلط معلومات) ایک بڑا خطرہ بن چکی ہے جو جمہوری اقدار اور مثبت مکالمے کو نقصان پہنچا رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صحافیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا صحافی کسی بھی معاشرے میں آگاہی اور شعور کی فراہمی کی ضمانت ہوتے ہیں۔ ایک مضبوط جمہوری معاشرے کی تشکیل کے لیے صحافت کی آزادی ناگزیر ہے، کیونکہ آزاد میڈیا حکومتوں کے احتساب اور عوامی مسائل کی نشاندہی کا مؤثر ذریعہ ہے۔
آج کے دن کی مناسبت سے ملک بھر کے پریس کلبوں میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں صحافیوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ تمام تر مشکلات اور خطرات کے باوجود حق اور سچ کا علم بلند رکھیں گے۔
آزاد صحافت جمہوریت کی روح، غلط معلومات کا پھیلاؤ بڑا چیلنج: ملکی قیادت کا صحافیوں کو خراجِ تحسین
11:10 AM, 3 May, 2026