جکارتہ: انڈونیشیا کے جزیرے سولاویسی میں زلزلے کے تیز جھٹکوں نے شہریوں میں خوف و ہراس پیدا کر دیا۔ زلزلہ ناپنے والے ادارے کے مطابق جھٹکوں کی شدت 6.2 تھی، جو زمین کے اندر 10 کلومیٹر گہرائی میں محسوس کیے گئے۔
انڈونیشیا کی موسمیاتی، موسمیاتی تبدیلی اور زلزلہ پیما ایجنسی کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز سمندر کے نیچے تھا، تاہم اس سے سونامی پیدا ہونے کا امکان نہیں پایا گیا، اسی لیے کوئی انتباہ جاری نہیں کیا گیا۔
زلزلے کے دوران لوگ گھبراہٹ کے باعث گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ اگرچہ جھٹکے کافی شدید تھے، لیکن ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔
ماہرین کے مطابق انڈونیشیا ایک زلزلہ خیز خطے میں واقع ہے، جہاں اس نوعیت کی زمینی سرگرمیاں عام ہیں۔