لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بے گھر شہریوں کو رہائشی سہولت فراہم کرنے کے لیے "اپنی زمین اپنا گھر" پروگرام کا ای پورٹل لانچ کر دیا۔ اس ای پورٹل کے ذریعے شہری اب گھر بیٹھے 3 مرلے کے مفت پلاٹ کے لیے درخواست دے سکیں گے۔
پہلے مرحلے میں پنجاب کے پانچ شہروں جہلم، پتوکی، ماموں کانجن، لودھراں اور رینالہ خوردمیں دو ہزار پلاٹ دیے جائیں گے۔ ان پلاٹس کی تقسیم قرعہ اندازی کے ذریعے کی جائے گی۔ مجموعی طور پر 19 اضلاع میں 23 ہاؤسنگ اسکیمز میں پلاٹ فراہم کیے جائیں گے، جن کا مقصد بے گھر افراد کو ایک چھت فراہم کرنا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ "اپنی زمین اپنا گھر" پروگرام ان کے دل کے بہت قریب ہے اور یہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے ویژن کا تسلسل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چھ ماہ کے اندر 34 ہزار گھروں کی تعمیر کا آغاز کیا گیا ہے، جن میں سے 2 ہزار گھروں کی تکمیل ہو چکی ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ اس منصوبے کے تحت پلاٹ حاصل کرنے والے افراد آسان اقساط میں قرض حاصل کر سکیں گے، جس میں تین ماہ کا گریس پیریڈ بھی شامل ہوگا۔ ایک سے 10 مرلہ تک کے پلاٹ مالکان بھی اس اسکیم کے تحت قرض کے لیے درخواست دے سکیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ یہ منصوبہ عام آدمی کو اپنے گھر کا احساس دینے کے لیے شروع کیا گیا ہے تاکہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ محفوظ اور پرسکون زندگی گزار سکیں۔