سی ڈی اے ترمیمی آرڈیننس 2025 جاری

12:15 PM, 3 May, 2025

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) ترمیمی آرڈیننس 2025 کی منظوری دے دی، جس کے تحت زمین کے متاثرین کو اب نقد کے ساتھ ساتھ زمین یا دیگر متبادل صورتوں میں بھی معاوضہ دیا جا سکے گا۔

آرڈیننس کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق ڈپٹی کمشنر اب زمین اور عمارتوں کے لیے الگ الگ کنٹریکٹ ایوارڈ کر سکیں گے۔ ترمیم کے تحت متاثرہ افراد کی آبادکاری اور بحالی کو قانونی تحفظ حاصل ہوگا۔

قانون میں یہ بھی شامل کیا گیا ہے کہ اگر ادائیگی میں تاخیر ہو تو حکومت متاثرہ فریق کو 8 فیصد سالانہ اضافی رقم ادا کرے گی۔

نئے آرڈیننس میں معذور، نابالغ اور قانونی طور پر مجبور افراد کے لیے خصوصی اقدامات شامل کیے گئے ہیں، جن کے تحت وہ اپنی جائیداد بآسانی سی ڈی اے سے منتقل کرا سکیں گے۔

مزید برآں، زمینداروں کے حقوق کو تحفظ دینے اور متاثرہ افراد کے معیارِ زندگی کی بحالی کو یقینی بنانے کے لیے واضح شقیں شامل کی گئی ہیں

مزیدخبریں