پاکستان کا پانی روکنے کی کوشش خود بھارت کے لیے تباہ کن ہوگی، سابق وزیر سیف الدین سوز

11:25 AM, 3 May, 2025

نئی دہلی: بھارت کے سابق وفاقی وزیر اور کانگریس کے سینئر رہنما سیف الدین سوز نے انکشاف کیا ہے کہ اگر بھارت نے پاکستان کا پانی روکنے یا اس کا رخ موڑنے کی کوشش کی، تو اس کے خطرناک نتائج خود بھارت کو بھگتنا پڑیں گے۔ ان کے مطابق ایسی کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں بھارتی پنجاب اور جموں و کشمیر میں تباہ کن سیلاب آ سکتے ہیں۔

سیف الدین سوز نے کہا کہ پاکستان کے دریا صرف پانی کا ذریعہ نہیں بلکہ اس کی معیشت، زراعت اور بقاء سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سندھ طاس معاہدہ صرف ایک قانونی دستاویز نہیں بلکہ خطے کے امن کی ضمانت ہے، جس کی خلاف ورزی سے دونوں ممالک ایک بڑی جنگ کی طرف جا سکتے ہیں۔

انہوں نے بین الاقوامی برادری کو یاد دلایا کہ پاکستان نے حالیہ دہشتگرد حملے میں ملوث ہونے کی سختی سے تردید کی ہے، اور بھارت کی جانب سے الزام تراشی کو ایک سیاسی چال قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی حکومت داخلی دباؤ سے نکلنے کے لیے پاکستان کے خلاف ماحول بنانا چاہتی ہے۔

سیف الدین سوز کے بیان نے ایک بار پھر یہ واضح کر دیا ہے کہ آبی تنازعہ صرف سرحدی مسئلہ نہیں بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کا معاملہ ہے۔

مزیدخبریں