ایسا فون جو اینٹ جتنا مضبوط اور آگ جلانے والا بھی ہو!

07:09 PM, 3 Mar, 2026

بیجنگ:  چین کی کمپنی Oukitel نے ایک نیا اسمارٹ فون متعارف کرایا ہے جو نہ صرف کالز اور میسجز کے لیے استعمال ہو سکتا ہے بلکہ لائٹر کی طرح آگ بھی جلا سکتا ہے۔

یہ فون جس کا نام WP63 ہے، خاص طور پر کیمپنگ یا ہنگامی حالات کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ اگر ماچس یا عام لائٹر دستیاب نہ ہو تو صارف آگ جلا سکے۔ فون میں ایک الیکٹرک کوائل نصب ہے جو گرمی پیدا کر کے آگ جلانے میں مدد دیتا ہے۔ یہ کوائل فون کے اندر حفاظتی کور کے نیچے چھپا ہوتا ہے اور ضرورت پڑنے پر باہر آ کر ایپ کے ذریعے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

آگ جلانے کے علاوہ اس فون میں دیگر طاقتور فیچرز بھی موجود ہیں۔ اس میں 20,000 ایم اے ایچ کی بڑی بیٹری ہے جو کئی دن تک چارج کیے بغیر استعمال ہو سکتی ہے۔ ساتھ ہی بلٹ اِن یو ایس بی سی کیبل اور ایک مضبوط لاؤڈ اسپیکر بھی شامل ہے جو دیگر ڈیوائسز کو چارج کرنے اور آواز کے لیے کام آتا ہے۔

قیمت کے لحاظ سے یہ فون تقریباً 500 ڈالر میں دستیاب ہے، مگر اس کی موٹائی 27 ملی میٹر ہے، جس کی وجہ سے یہ کافی بھاری اور مضبوط ہے، اور اگر ضرورت پڑے تو کسی اینٹ کی طرح بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
 
 

مزیدخبریں