خیبرپختونخوا کرپشن اور دہشت گردی میں آگے بڑھ چکا ہے:عظمیٰ بخاری

03:55 PM, 3 Mar, 2025

لاہور:  وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے خیبرپختونخوا کی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صوبہ لاقانونیت، دہشت گردی اور کرپشن میں سبقت لے چکا ہے۔

خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے، عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کے پی حکومت نے ایک سال میں 625 منصوبے شروع کرنے کا دعویٰ کیا ہے، لیکن یہ منصوبے بھی ایک ارب درختوں کی طرح ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال میں وزیراعلیٰ یا کسی وزیر کو ان منصوبوں کا افتتاح کرتے نہیں دیکھا، اور اگر یہ منصوبے شروع ہو بھی گئے تو کیا وہ "موکلات" نے کروا دیے؟

عظمیٰ بخاری نے خیبرپختونخوا کے مالی بحران پر بھی بات کی اور کہا کہ اگر صوبے کے پاس یونیورسٹیوں کے بجٹ کے لیے پیسے نہیں، تو انہیں زمینیں بیچنا پڑیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں سرکاری ملازمین اور بلدیاتی نمائندے ہر ہفتے احتجاج کرتے ہیں، جو کہ حکومت کی ناکامی کی غمازی کرتا ہے۔

انہوں نے کرپشن کے بارے میں کہا کہ خیبرپختونخوا میں کرپشن اپنے عروج پر ہے، اور احتساب کمیٹی کے افراد خود اس میں ملوث ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وفاقی حکومت کو خیبرپختونخوا کو ملنے والے فنڈز کا آڈٹ کرانا چاہیے، تاکہ عوام کو یہ پتہ چل سکے کہ ان فنڈز کا کیا حال کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں