آئندہ بجٹ کو ہر صورت ’عوام دوست‘ بنائیں گے، حکومت اور پیپلز پارٹی کا متوازن بجٹ اور ریلیف اقدامات پر اتفاق

08:40 PM, 3 Jun, 2026

اسلام آباد :وفاقی بجٹ 2026-27 کو حتمی شکل دینے کے لیے حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کے درمیان ایک اہم مشاورتی اجلاس ہوا ہے، جس کا بنیادی ایجنڈا عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا اور ترقیاتی ترجیحات کا تعین تھا۔
ملاقات میں حکومتی معاشی ٹیم کی قیادت نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کی، جبکہ پیپلز پارٹی کے وفد میں نوید قمر، سلیم مانڈوی والا اور سینیٹر شیری رحمان شامل تھے۔
اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی نے ملک کی موجودہ معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے عوامی ریلیف اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اپنی جماعت کی تیار کردہ تجاویز اور سفارشات باقاعدہ طور پر حکومت کو پیش کیں۔ پی پی پی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ عام آدمی پر بوجھ کم کرنا اور متوازن معاشی پالیسیاں وقت کی ضرورت ہیں۔
حکومتی وفد نے پیپلز پارٹی کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ محض روایتی دستاویز نہیں ہوگا بلکہ اسے ہر ممکن حد تک متوازن اور عوام دوست بنایا جائے گا۔ دونوں جماعتوں نے بجٹ سازی کے عمل کو شفاف اور ہم آہنگ رکھنے کے لیے بجٹ کی منظوری تک مسلسل مشاورت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

مزیدخبریں