ٹک ٹاک کے بانی کی بڑی کامیابی، مکیش امبانی کو پیچھے چھوڑ دیا

07:09 PM, 3 Jun, 2026

بیجنگ:  ٹک ٹاک کی پیرنٹ کمپنی بائیٹ ڈانس کے بانی زینگ یامنگ نے بھارت کے معروف کاروباری شخصیت مکیش امبانی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایشیا کے دوسرے امیر ترین فرد کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق زینگ یامنگ کی مجموعی دولت میں یہ نمایاں اضافہ بائیٹ ڈانس کے شیئرز کی قدر میں اضافے اور کمپنی کے مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبے میں تیز رفتار ترقی کے باعث ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صرف ایک دن کے دوران ان کی دولت میں 24.1 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے بعد ان کی مجموعی مالیت 92.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ رواں سال کے دوران اب تک ان کی دولت میں 27.7 ارب ڈالر کا اضافہ ہو چکا ہے، جبکہ وہ عالمی امیروں کی فہرست میں 21ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

اس کے برعکس بھارتی بزنس ٹائیکون مکیش امبانی کی دولت میں رواں سال 20.8 ارب ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد ان کے مجموعی اثاثے 86.9 ارب ڈالر رہ گئے ہیں۔ وہ اس وقت ایشیا کے تیسرے اور دنیا کے 25ویں امیر ترین شخص کے طور پر درج ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بھارت کے گوتم اڈانی 117 ارب ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ ایشیا کے امیر ترین اور دنیا کے 17ویں امیر ترین فرد ہیں۔

بائیٹ ڈانس کا AI چیٹ بوٹ “ڈوباؤ” بھی تیزی سے مقبول ہو رہا ہے اور اس کے صارفین کی تعداد 30 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے، جسے کمپنی کی حالیہ ترقی اور کامیابی کی ایک بڑی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

زینگ یامنگ نے 2012 میں بائیٹ ڈانس کی بنیاد رکھی تھی، جو آج ٹک ٹاک سمیت متعدد ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے عالمی سطح پر ایک بڑی ٹیکنالوجی کمپنی بن چکی ہے۔

مزیدخبریں