اگر 2013 میں پیپلز پارٹی کے خلاف سازش نہ ہوتی تو دیامر بھاشا ڈیم اب تک بن چکا ہوتا: چیئرمین پی پی پی کا انکشاف

05:25 PM, 3 Jun, 2026

چلاس :پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان کے انتخابی میدان میں مسلم لیگ (ن) کے ترقیاتی بیانیے کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مخالفین جن منصوبوں پر سیاست چمکانے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ سب آصف زرداری کے وژن کا نتیجہ ہیں۔ چلاس میں انتخابی پاور شو سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام دشمن منشور رکھنے والی جماعتیں اب الیکشن "مینج" کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، لیکن 7 جون کو گلگت بلتستان کے عوام اپنی طاقت سے ان کی یہ سازش ناکام بنا کر پی پی پی کی حکومت قائم کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے ن لیگ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا    ملک کی جو سیاسی جماعتیں اپنے صوبوں میں ترقی کے بڑے بڑے دعوے کرتی ہیں، میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ انہوں نے جو کچھ بھی کیا، صدر زرداری کی وجہ سے کیا۔ اگر آصف زرداری سی پیک نہ لاتے تو لاہور کی اورنج ٹرین کہاں سے بنتی؟۔ آصف زرداری نے گوادر پورٹ چین کے حوالے کر کے ملک میں ترقی کی راہیں کھولیں، ملک بھر میں صحت کا جال بچھایا اور صدر بن کر اپنے اختیارات پارلیمنٹ کو منتقل کیے۔
دیامر بھاشا ڈیم کے منصوبے پر بات کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا"دیامر بھاشا ڈیم پر سب سے زیادہ کام پیپلز پارٹی نے کیا۔ اگر 2013 میں ایک سازش کے تحت ہماری حکومت نہ گرائی جاتی تو یہ ڈیم اب تک مکمل ہو چکا ہوتا۔ میں وفاق سے مطالبہ کرتا ہوں کہ سب سے پہلے دیامر بھاشا ڈیم کا منصوبہ مکمل کیا جائے۔
انہوں نے پارٹی کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا    تاریخی حقوق: شہید ذوالفقار علی بھٹو نے غریب عوام کو زمینوں کا مالک بنایا اور ہم نے ہی گلگت بلتستان کے عوام کو ان کے حقوق دلوائے۔پیپلز پارٹی نے ملک میں ایک نہیں بلکہ دو دو آمروں کو للکارا ہے۔ ظالموں نے محترمہ بینظیر بھٹو کو شہید کر کے سمجھا تھا کہ اب پارٹی کا پرچم تھامنے والا کوئی نہیں ہوگا، لیکن آصف زرداری نے دشمنوں کا یہ خواب چکنا چور کر دیا۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق، بلاول بھٹو کا یہ خطاب ن لیگ کے "ترقیاتی بیانیے" پر ایک کاری ضرب ہے۔ خطے میں پولنگ کے لیے اب بہت کم وقت باقی رہ جانے کے باعث، چلاس کے اس جلسے نے پیپلز پارٹی کی پوزیشن کو مزید مستحکم کر دیا ہے اور ن لیگ کو اب دفاعی پوزیشن پر آنے پر مجبور کر دیا ہے۔

مزیدخبریں