اسلام آباد:ملکی تاریخ کے اہم ترین وفاقی بجٹ کی پیشکشی سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی استحکام کے لیے بزنس کمیونٹی کو مکمل طور پر اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں ملک کی ممتاز کاروباری شخصیات اور چوٹی کے صنعت کاروں نے وزیراعظم سے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے اور آئندہ بجٹ کی حکمتِ عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے مشکل ترین معاشی حالات میں بھی فیکٹریاں چالو رکھنے اور ملکی معیشت کا ساتھ دینے پر کاروباری برادری کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کاروباری برادری کو یقین دلایا کہ حکومت بجٹ میں عام آدمی کی مشکلات کو کم کرنے اور انہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ اب غیر رسمی اور غیر دستاویزی معیشت کو ہر صورت ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا تاکہ دستاویزی کاروبار کرنے والے صنعت کاروں پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی پالیسیوں میں تاجروں کی شمولیت کو لازمی قرار دیتے ہوئے کہا"پاکستان کی معیشت کی بحالی کے لیے نجی شعبے کی مشاورت کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔ حکومت اور نجی شعبے کی مضبوط شراکت داری ہی معاشی ترقی کی سب سے بڑی ضمانت ہے، اور ہم صنعتوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔
بجٹ سے قبل تاجروں کا اعتماد بحال: وزیراعظم شہباز شریف کی ممتاز صنعتکاروں سے بیٹھک، عوام کو ریلیف اور معاشی استحکام کا عزم
02:40 PM, 3 Jun, 2026