لاہور:پنجاب کی صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے گلگت بلتستان کے انتخابی معرکے کے حوالے سے اپوزیشن جماعتوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں دیگر سیاسی جماعتوں نے گلگت کے عوام کے جذبات کا سودا کیا اور انہیں صرف کھوکھلے نعروں سے بہلایا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ گلگت بلتستان کا بچہ بچہ جانتا ہے کہ اس مٹی پر حقیقی اور ریکارڈ ترقیاتی کام صرف اور صرف مسلم لیگ (ن) کے دورِ حکومت میں ممکن ہو سکے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف کی انتخابی مہم میں براہِ راست انٹری نے مخالفین کی نیندیں اڑا دی ہیں اور گلگت کا سیاسی ماحول اب پوری طرح ن لیگ کے حق میں ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے غیور عوام نے نواز شریف کا جس والہانہ انداز میں استقبال کیا اور انہیں جو عزت و پیار دیا، اس نے ثابت کر دیا ہے کہ عوام اپنے مخلص قائد کو کبھی نہیں بھولے۔
صوبائی وزیر نے 7 جون کو ہونے والے پولنگ ڈے کے حوالے سے دوٹوک الفاظ میں کہا"مخالفین اب جو چاہیں پروپیگنڈا کر لیں، گلگت بلتستان کے عوام کا فیصلہ آ چکا ہے۔ 7 جون کو جب بیلٹ بکس کھلیں گے تو ہر طرف صرف اور صرف 'شیر' دھاڑتا ہوا نظر آئے گا اور مسلم لیگ (ن) وہاں کلین سویپ کر کے حکومت بنائے گی۔
انتخابی تجزیہ کاروں کے مطابق، عظمیٰ بخاری کا یہ بیان مسلم لیگ (ن) کی اس حکمتِ عملی کو ظاہر کرتا ہے جس کے تحت وہ گلگت بلتستان کے الیکشن کو اپنی کارکردگی اور میاں نواز شریف کے سیاسی قد کاٹھ کی بنیاد پر جیتنا چاہتی ہے۔ 7 جون کے یہ انتخابات اب ن لیگ کے لیے ایک بڑا وقار کا مسئلہ بن چکے ہیں۔
دیگر جماعتوں نے گلگت بلتستان کے عوام کو صرف دھوکہ دیا، ترقیاتی کام صرف ن لیگ کا طرہ امتیاز ہے": عظمیٰ بخاری کا اپوزیشن پر وار
02:22 AM, 3 Jun, 2026