بجٹ شیڈول کھٹائی میں: گلگت بلتستان انتخابات کے باعث وفاقی بجٹ تاخیر کا شکار، قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس بھی منسوخ

12:35 PM, 3 Jun, 2026

اسلام آباد:ملک میں جاری سیاسی گرمی اور گلگت بلتستان کی انتخابی سرگرمیوں نے وفاقی بجٹ کی تیاریوں کو بریک لگا دی ہے۔ باوثوق سرکاری ذرائع کے مطابق، سیاسی مصروفیات کی وجہ سے وفاقی بجٹ کے روایتی شیڈول میں بڑے ردوبدل کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت اب بجٹ گلگت بلتستان میں انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آسکے گا۔ حکومت تاحال بجٹ پیش کرنے کی کسی ایک حتمی تاریخ کا اعلان کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔
 وفاقی اور صوبائی ترقیاتی بجٹ کی منظوری کے لیے قومی اقتصادی کونسل کا آج ہونے والا اہم ترین اجلاس اچانک منسوخ کر دیا گیا ہے، جس سے معاشی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ تاخیر کی ایک بڑی وجہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (IMF) کے ساتھ جاری سخت ترین بات چیت ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (PSDP) اور ٹیکس اہداف پر مذاکرات تاحال جاری ہیں اور دونوں فریقین کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ شیڈول متاثر ہونے کے باوجود وزارتِ خزانہ نے اپنے طور پر آئندہ بجٹ کے لیے اہم معاشی اہداف تجویز کر دیے ہیں۔ ان اہداف کو حتمی شکل دینے اور بجٹ پر سیاسی مہر لگانے کے لیے آئندہ چند روز میں حکومت اور اتحادی جماعتوں کے درمیان اہم ترین مشاورت متوقع ہے۔
 ماہرین کے مطابق، بجٹ شیڈول میں اس غیر معمولی تبدیلی سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت اس وقت دوہرے دباؤ میں ہے۔ ایک طرف گلگت بلتستان کے انتخابات کی وجہ سے وہ کوئی سخت بجٹ لا کر سیاسی نقصان نہیں اٹھانا چاہتی، اور دوسری طرف آئی ایم ایف کی کڑی شرائط ماننا اس کی معاشی مجبوری بن چکا ہے۔

مزیدخبریں