بجٹ 27-2026: وزیر اعظم کی تاجر برادری سے اہم بیٹھک، "برآمدات بڑھائے بغیر معاشی بقا ممکن نہیں،" ایس ایم تنویر کی وزیراعظم کو بجٹ تجاویز

11:49 AM, 3 Jun, 2026

اسلام آباد :آئندہ وفاقی بجٹ کو حتمی شکل دینے کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک کے بڑے صنعت کاروں اور تاجر رہنماؤں کو سر جوڑ کر بیٹھنے کی دعوت دی ہے۔ وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی اس اہم ترین ملاقات میں یونائیٹڈ بزنس گروپ (UBG) کے سرپرستِ اعلیٰ ایس ایم تنویر اور ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے ملکی تاریخ کے نازک معاشی موڑ پر صنعتوں کو بچانے کے لیے اہم ترین مطالبات سامنے رکھ دیے ہیں۔
        ایس ایم تنویر نے وزیر اعظم کو زور دے کر کہا کہ آئندہ وفاقی بجٹ کا پورا محور برآمدات پر مبنی نمو (Export-led Growth) ہونا چاہیے، کیونکہ درآمدات پر انحصار ملکی معیشت کو مزید نقصان پہنچا رہا ہے۔        وفد نے مطالبہ کیا کہ صنعتی صارفین کے لیے بجلی اور گیس کے نرخوں کو عالمی سطح کے مطابق لایا جائے تاکہ پاکستانی برآمد کنندگان بین الاقوامی منڈی میں دیگر ممالک کا مقابلہ کر سکیں۔
        مختلف چیمبرز کے نمائندوں نے تجویز دی کہ پہلے سے ٹیکس دینے والے مینوفیکچرنگ سیکٹر پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے نئے شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے۔
ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ اور ملک بھر کے چیمبرز کے صدور نے وزیر اعظم کو یقین دلایا کہ اگر حکومت بجٹ میں ان کی تجاویز کو شامل کرتی ہے، تو بزنس کمیونٹی ملکی برآمدات کو ریکارڈ سطح پر لے جانے اور زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے بزنس کمیونٹی کے تحفظات کو دور کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے وزارتِ خزانہ کو ہدایت کی کہ وہ ایف پی سی سی آئی کی تجاویز کا سنجیدگی سے جائزہ لے کر انہیں بجٹ دستاویز کا حصہ بنائیں۔

مزیدخبریں