اسلام آباد، لاہور اور شمالی پنجاب میں بارش اور ژالہ باری کی وارننگ جاری

08:56 PM, 3 Jun, 2025

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آج سے 9 جون تک ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی ہے۔ شمال مشرقی حصوں میں نمی والی ہوائیں داخل ہوں گی جبکہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ آج سے ملک کے بالائی علاقوں میں متوقع ہے۔

آج شام سے اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم اور میانوالی میں وقفے وقفے سے بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سرگودھا، حافظ آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال اور لاہور میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔

5 جون تک مری، گلیات، کشمیر، گلگت بلتستان اور چترال میں تیز گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ دیر، سوات، مالاکنڈ، مانسہرہ، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان اور ایبٹ آباد میں بھی بارش کی پیش بینی کی گئی ہے۔

7 جون سے 9 جون تک دیر، سوات، چترال، کوہستان اور مانسہرہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ خیبر پختونخوا کے متعدد علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور ژالہ باری ہونے کا خدشہ ہے۔ جنوبی پنجاب میں بھی تیز آندھی اور جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ موسمی حالات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اپنائیں۔

مزیدخبریں