ترکیہ میں زلزلہ، 70 سے زائد افراد زخمی، عمارتیں محفوظ رہیں

06:46 PM, 3 Jun, 2025

انقرہ: ترکیہ کے سیاحتی مقام مارمارس میں منگل کی صبح 5.8 شدت کا زلزلہ آیا جس سے شہر لرز اٹھا اور عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 70 افراد زخمی ہو گئے، تاہم خوش قسمتی سے کوئی عمارت منہدم نہیں ہوئی۔

ترک حکام کے مطابق کچھ افراد نے جان بچانے کے لیے اونچائی سے چھلانگیں لگا دیں، جس کے باعث متعدد زخمی ہوئے۔ ایک 14 سالہ لڑکی بھی متاثرین میں شامل ہے۔ زلزلے کے بعد ریسکیو اور میڈیکل ٹیمیں فوری طور پر متحرک ہو گئیں جبکہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

ترک وزیر داخلہ نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ زلزلے کے باوجود بنیادی ڈھانچے کو نقصان نہیں پہنچا، تاہم شہریوں کو محتاط رہنے اور افواہوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ترکیہ ماضی میں بھی شدید زلزلوں کی لپیٹ میں آ چکا ہے، اور موجودہ واقعے نے ایک بار پھر زلزلہ زدہ علاقوں کی سلامتی پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔

مزیدخبریں