پانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں، ہر قطرہ قوم کا حق ہے:وزیراعظم شہباز شریف

05:59 PM, 3 Jun, 2025

پشاور: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے پانی پر کسی قسم کی پابندی یا دھمکی ناقابل قبول ہے، پانی ہماری "ریڈ لائن" ہے اور اس کے ایک ایک قطرے پر قوم کا حق ہے۔

قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے 7 مئی کو حملہ کر کے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا اور اس کے بعد پانی بند کرنے کی دھمکی دی، مگر مسلح افواج نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں ایسا جواب دیا جو بھارت کو ہمیشہ یاد رہے گا۔

پشاور میں منعقدہ قبائلی جرگے میں سیاسی و عسکری قیادت سمیت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور، گورنر فیصل کریم کنڈی اور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری شریک ہوئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف بے مثال قربانیاں دیں، ان کے مسائل حل کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ این ایف سی ایوارڈ میں صوبے کے حصے کے تعین کے لیے کمیٹی قائم کی جائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ حال ہی میں چار ممالک کے دورے سے واپس آئے ہیں، جہاں پاکستان کے حالیہ مؤقف کو سراہا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم متحد ہے اور اب وقت ہے کہ قومی مفاد میں بڑے فیصلے کیے جائیں۔

مزیدخبریں