لاہور : پنجاب حکومت نے حفاظتی اقدامات کے طور پر صوبے بھر کے تمام ہوائی اڈوں اور پاک فضائیہ کے ایئربیسز کے ارد گرد 15 کلومیٹر تک دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ یہ پابندیاں 5 جون سے 20 جون تک لاگو رہیں گی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق اس دوران کبوتربازی، آتش بازی، ڈرون یا لیزر لائٹ کے استعمال اور ہوائی اڈوں کے گرد کچرا پھینکنے پر پابندی ہوگی۔ یہ قدم فلائٹ آپریشنز کو محفوظ بنانے اور انسانی جانوں کی حفاظت کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
پنجاب سیکرٹری داخلہ نے کہا ہے کہ یہ سرگرمیاں ہوائی جہازوں کی پرواز میں رکاوٹ ڈال سکتی ہیں اور فلائٹ سیفٹی کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں، اسی لیے یہ پابندیاں لگائی گئی ہیں۔ ساتھ ہی، ڈپٹی کمشنرز کو ایئرپورٹس کے ارد گرد صفائی کا خاص انتظام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ پرندے آلائشوں کی طرف نہ آئیں جو جہازوں کے لیے خطرہ ہیں۔