نئی دہلی : بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل انیل چوہان نے آپریشن سندور میں بھارتی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کے گرنے کا اعتراف کر کے بھارت کی عسکری حکمت عملی کی ناکامی کو تسلیم کر لیا ہے۔ اس اعتراف کے بعد بھارتی حکومت اور فوجی حکام پر حقائق چھپانے اور عوام کو گمراہ کرنے کے سنگین سوالات اٹھ گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا اور تجزیہ نگاروں نے جنرل انیل چوہان کے بیانات پر سخت تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ بھارتی فضائیہ کے نقصانات کو چھپانے کی کوشش کشیدگی کے دوران سچائی سے آنکھیں چرانے کے مترادف ہے۔ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ جب 7 اور 8 مئی کے واقعات عالمی سطح پر واضح ہو چکے تھے، تب بھی بھارت نے حقائق کو چھپانے کی کوشش کی، جو مودی حکومت کی شفافیت پر سوال اٹھاتی ہے۔
بھارتی فوج کے ترجمانوں کی غیر واضح باتوں اور ڈی جی ایئر کے “ابھی بھی جنگ کی حالت میں ہیں” جیسے بیانات نے نقصان کی تصدیق کی، جبکہ سی ڈی ایس کا یہ اعتراف کہ “جہاز گرنا مسئلہ نہیں، اصل وجہ تلاش کی جائے” مزید سوالات چھوڑ گیا ہے۔