بھارت کے طرف سے پانی روکنے اور جھوٹے الزامات کے ذریعے پاکستان کو نشانہ بنانے کی کوششیں امن کے لیے بڑا خطرہ ہیں ، بلاول بھٹو

12:24 PM, 3 Jun, 2025

نیویارک : پاکستان نے عالمی برادری کو خبردار کیا ہے کہ بھارت کی طرف سے دریاؤں کا پانی روکنے اور جھوٹے الزامات کے ذریعے پاکستان کو نشانہ بنانے کی کوششیں جنوبی ایشیا کے امن کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔

اقوام متحدہ میں امریکا کی مندوب ڈورتھی شیا سے ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستانی پارلیمانی وفد نے کہا کہ بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کر کے کروڑوں پاکستانیوں کو سزا دینا چاہتا ہے، جو اقوام متحدہ کے چارٹر اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔

بلاول بھٹو نے امریکا سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل میں پاکستان کی حمایت جاری رکھے اور بھارت کی آبی جارحیت کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں اور اب بھی امن کی بحالی کے لیے مکالمے اور سفارتکاری پر یقین رکھتا ہے۔

پاکستانی وفد نے اقوام متحدہ میں او آئی سی کے سفیروں کو بھی صورتحال سے آگاہ کیا۔ اسلامی تعاون تنظیم نے بھارت کی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

علاوہ ازیں، پاکستانی وفد نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے منتخب ارکان جیسے چین، روس، جاپان، الجزائر، سلووینیا، یونان، وغیرہ—سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کر کے پاکستان کا مؤقف پیش کیا اور بھارتی الزامات کو مسترد کیا۔

بلاول بھٹو نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو معطل کیا تو اس سے پانی کی قلت، غذائی بحران اور ماحولیاتی تباہی جنم لے سکتی ہے۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ صرف بحران کے بعد ردعمل نہ دے بلکہ وقت پر مؤثر اقدامات کرے۔ پاکستانی وفد جلد واشنگٹن، لندن اور برسلز کا بھی دورہ کرے گا تاکہ بھارت کی پالیسیوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا جا سکے۔

مزیدخبریں